رپورٹ کے مطابق سوموار کو اسرائیلی فوج کی 10 گاڑیوں پر سوار دسیوں صہیونی فوجیوں نے بیت فجار میں فلسطینیوں کے گھروں میں تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے ساتھ توڑپھوڑ بھی کی گئی۔
قابض فوج نے بیت فجار سے 18 سالہ عامر طقاطقہ، اس کے بھائی 20 سالہ محمد طہ طقاطقہ، 21 سالہ ایاد سامی طقاطقہ، 21 سالہ نبیل ابراہیم ثوابتہ، 22 سالہ رامی موسیٰ ثوابتہ، عبداللہ سالم ثوابتہ، محمد نایف ثوابتہ اور عزیز علی جبر دیریہ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
الخلیل میں تلاشی کی کارروائیوں میں صہیونی فوجیوں نے الخلیل کے جنوبی قصبے الفوار میں قائم ایک پناہ گزین کیمپ میں بھی تلاشی لی جہاں سے محمد جمیل الخضور، محمد خلیل العزہ اور دیگر کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا
رپورٹ کے مطابق قابض فوجیوں نے مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں تلاشی کے دوران دو سگے بھائیوں سمیت متعدد شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ قابض فوجیوں نے جنین اور بیت لحم شہروں میں بھی تلاشی کی کاروائیوں میں کئی شہریوں کو گرفتار کیا جنہیں بعد ازاں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ تلاشی کی کارروائیوں میں خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا۔ گھروں میں توڑپھوڑ کی گئی اور قیمتی اشیاء نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں 01 اکتوبر 2015 ء کے بعد سے جاری تحریک انتفاضہ کے دوران صہیونی فوجیوں نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ جن میں اب تک چھ ہزار سے زاید فلسطینیوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
