(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے شمالی فلسطین میں اسرائیل کی ایک گشتی پارٹی کو بم حملے کا نشانہ بنانے اور دو گاڑیوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سوموار کے روز شمالی فلسطین کے شعبا فارمز کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی ایک گشتی پارٹی پر سڑک کے کنارے نصب بم سے ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم سے کم دو گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔بیان میں کہا گیاہے کہ ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیے گئے حملے میں ’’ھامر‘‘ ماڈل کی فوجی گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ نہایت مہلک تھا جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان اویرا اوڈرے نے بھی جنوبی لبنان سےمتصل’’جبل دوف‘‘ کے مقام پر دو فوجی گاڑیوں کے قریب زور دار دھماکے کی تصدیق کی ہے۔ فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ بم حملے کے بعد فوج نے جنوبی لبنان میں توپخانے سے گولہ باری بھی کی۔
رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے ٹینک شکن ایک میزائل داغا گیا تھا تاہم اس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔