(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں یکم اکتوبرکے بعد ریاستی دہشت گردی کے دوران شہید کیے گئے 17 فلسطینیوں کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔مغربی کنارے میں سترہ شہداء کو اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ جنازے میں شریک ہزاروں افراد نے اسرائیل کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔
رپورٹ کے مطابق شہداء کا جلوس الخلیل شہر میں مقامی اسپتال کے گراؤنڈ سے مسجد الحُسین کی طرف روانہ ہواجہاں وسطی الخلیل کے مرکزی قبرستان میں سپرد خاک کیاگیا۔ نمازجنازہ کے جلوس میں شریک ہزاروں افراد نے شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ شہر میں ہڑتال کی گئی تھی۔ جنازے کے جلوس کے شرکاء نے صہیونی فوج کے خلاف ’’انتقام انتقام‘‘ کے نعرے لگائے اورصہیونی ریاست کے خلاف تحریک انتفاضہ میں شدت لانے کا مطالبہ کیا گیا۔شمالی الخلیل میں بیت امرکے مقام پرنکالےگئےجنازے کے جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ہزاروں فلسطینیوں نے شہید عمر الزعاقیق کے جنازے کوکندھا دیا۔ جلوس کے شرکاء نے صہیونی فوج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پرتعینات اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
الخلیل کے دیگر قصبوں یطا، پرانے الخلیل اور الخلیل شہر میں بھی اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید کیے گئے فلسطینیوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور بعد ازاں شہداء کو مرکزی قبرستانوں میں سپرد خاک کیا گیا۔ الخلیل سمیت مغربی کنارے اور بیت المقدس میں بھی فضاء سوگوار تھی اور ہرآنکھ نوجوان شہداء کے جنازوں کو دیکھ کر اشک بار تھی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے پچھلے سال اکتوبرکے بعد سے فلسطین میں جاری ریاستی دہشت گردی کے دوران درجنوں فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد ان کے جسد خاکی قبضے میں لے لیے تھے۔
جمعہ کی شام اسرائیلی فوج کی جانب سے 23 فلسطینی شہداء کی میتیں ان کےورثاء کے حوالے کی تھیں جن میں سے 17 کا تعلق الخلیل شہر سے تھا جب کہ بقیہ فلسطینی بیت المقدس اور مغربی کنارے کے دوسرے شہروں سے تعلق رکھتے تھے۔
الخلیل شہر کے جن شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی ان میں باسل بسام سدر، فضل عبداللہ القواسمہ، حمزہ موسیٰ العملہ، سعد محمد الاطرش، شادی نبل القدسی، عزالدین نادی ابو شخیدم، ھمام عدنان اسعید، اسلام عبیدو، مہدی محمد المحتسب، فاروق عبدالقادر سدر، فادی حسن الفروخ، مالک طلال الشریف، مصطفیٰ فاضل فنون، ایہاب فتحی سودہ، عمر عیسیٰ الزعاقیق، طاھر فنون، عبدالرحمان مسودہ، رام اللہ کے انس حماد، محمد عیاد، محمد منیر صالح، نابلس کے اشرقت طہ اور جنین کے محمد سباغنہ اور جنین کے نور الدین سباغنہ شامل ہیں۔