(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں ابو دیس اور بیت دقو قصبوں میں بدھ کو اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران کم سے کم آٹھ فلسطینی زخمی اور 19 آنسوگیس کی شیلنگ سے بے ہوش ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی امدادی ادارے’’ہلال احمر فلسطین‘‘ نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے بدھ کو مشرقی بیت المقدس میں دقو قصبے اور ابو دیس کے مقامات پر گھر گھر تلاشی کی کارروائیاں کیں جس میں 8 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ جب کہ 19 افراد آنسوگیس کی شیلنگ سے دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں پر براہ راست فائرنگ کی، دھاتی گولیوں سے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں آٹھ افراد گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے جب کہ 19 دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابو دیس اور دقو قصبوں میں تلاشی کی کارروائی اس وقت شروع کی جب پولیس کی ایک گشتی پارٹی پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی تھی۔
ہلال احمر فلسطین کا کہنا ہے کہ زخمی ہونےوالے شہریوں کو اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے، جب کہ بعض شہریوں کو فوری طبی امداد بھی مہیا کی گئی۔