رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیل کی میزائل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر یائیر رماتی کو اس لیے عہدے سے ہٹایا گیا کیونکہ ان پر امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعلقات کے دوران میزائل ٹیکنالوجی کے بارے میں حساس معلومات بھی مہیا کی ہوں گی۔
اخباری رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیاہے کہ یائیر رماتی کو جاسوسی کے شبے میں ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی وزارت دفاع نے مسٹر رماتی کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا تھا کہ مسٹر راماتی کو میزائل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’’حوماہ‘‘ کے عہدے سے خطرناک نوعیت کی بے ضابطگیوں اور معلوماتی تحفظ کی خلاف ورزی کی بناء پر ہٹایا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تفتیش کاروں نے راماتی کا ایک ذاتی لیپ ٹاپ بھی قبضے میں لیا ہے جس سے حساس نوعیت کی معلومات حاصل کی گئی ہیں۔ یہ تمام معلومات ملٹری سیکیورٹی ادارے سے متعلق ہیں جو اپنی نوعیت کی نہایت حساس معلومات ہیں۔ حکام ان معلومات کی نوعیت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کے بارے میں بعد میں میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا کہ آیا یہ معلومات اسرائیل کی سیکیورٹی سے متلق ہیں یا نہیں۔