(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب اور فلسطینی علماء کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم قبلہ اوّل میں منانے مسجد اقصیٰ میں حاضری کویقینی بنانے کے لیے رخت سفرباندھ لیں۔
رپورٹ کے مطابق الشیخ صبری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کی طرح ماہ ربیع الاول بھی اہل فلسطین اوراہل اسلام کے لیے برکتوں کا مہینہ ہے۔ بارہ ربیع الاول کو فلسطینی عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں قبلہ اوّل میں جمع ہو کر عبادت کریں۔ اس طرح فلسطنی شہری قبلہ اوّل سے اپنا تعلق مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فلسطینی کی یہ خواہش ہے کہ وہ اپنا کچھ وقت قیام اللیل کی شکل میں قبلہ اوّل میں گذارے، نوافل مسجد اقصیٰ میں ادا کرے اور علماء کے ایمان تازہ کرنے والے دروس سے فیضاب ہونے کے ساتھ ساتھ فقہی مسائل سے آگاہی کے لیے اپنا وقت قبلہ اوّل میں گذارے۔انہوں نے کہا کہ کون نہیں چاہتا کہ وہ مسجد اقصیٰ میں نماز کی ادائیگی کو یقینی بنائے جہاں ایک رکعت کا ثواب پانچ سو گنا زیادہ ہے۔ اس لیے میں فلسطینی قوم سے اپیل کروں گا کہ وہ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت قبلہ اوّل میں گذارنے کے لیے کوشش کریں۔ خاص طور پر بارہ ربیع الاول کو قبلہ اوّل میں اپنی حاضری کویقینی بنائیں۔
امام قبلہ اوّل نے فلسطینی عوام سے اپیل کی وہ مسجد اقصیٰ میں اپنی موجودگی کے وقت مقدس مقام کی صفائی اور نظافت وطہارت کو یقینی بنانے میں کوئی کسرنہ چھوڑیں۔ اپنے صدقات اور زکواۃ کے مال سے قبلہ اوّل کا دفاع کریں۔
علامہ ڈاکٹر عکرمہ صبری نے عالم اسلام سے بھی پرزور اپیل کی کہ وہ قبلہ اوّل کے دفاع کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور صہیونی ریشہ دوانیوں کا مل کرمقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اعتدال پسندی کا مذہب ہے اور مسلم امہ کو ماہ صیام کے دوران پوری دنیا کو اپنی امن اور اعتدال پسندی سے آگاہ کرنا چاہیے۔