(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید کیے گئے نوجوانوں کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کرنے کا مطالبہ مزید زور پکڑ گیا ہے۔ گذشتہ روز مغربی کنارے کے الخلیل شہر میں ہزاروں شہریوں نےشہداء کے جسد خاکی کی واپسی کے حق میں ایک ریلی نکالی۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کی شام الخلیل شہر الحرس جامع مسجد کےباہر سے نکالی گئی ریلی میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ الحرس مسجد سے نکالی گئی ریلی وسطی الخلیل میں ابن رشد چوک میں اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں ان فلسطینی نوجوان شہیدوں کی تصاویر اُٹھا رکھی تھیں جہیں شہید کیے جانے کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے اپنی تحویل میں لے رکھا ہے۔ مظاہرین نے صہیونی ریاست اور فوج سے مطالبہ کیا کہ وہ شہید ہونے والے تمام فلسطینیوں کے جسد خاکی ان کے ورثاء کے حوالے کریں تاکہ شہداء کی اسلامی طریقے کے مطابق تدفین کی جاسکے۔خیال رہے کہ یکم اکتوبر کے بعد سے فلسطین میں جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی میں درجنوں فلسطینیوں کو شہید کیا گیا۔ شہید ہونے والے بیشتر فلسطینیوں کے جسد خاکی صہیونی فوج نے قبضے میں لے رکھے ہیں۔ فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے 50 سے زائد فلسطینی شہداء کے جسد خاکی قبضے میں لیے تھےجن میں سے صرف گیارہ شہداء کے جسد خاکی ان کے ورثاء کےحوالے کیے گئے ہیں۔ باقی سب ابھی تک صہیونی فوج کے قبضے میں ہیں۔