رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کی خفیہ ایجنسیوں نے ایک رپورٹ میں خطے میں دہشت گردی کے خلاف خفیہ اطلاعات کے تبادلے کے مقصد سے اسلامی جمہوریہ ایران، روس ، عراق اور شام کی چار فریقی مشترکہ کمیٹی کی تشکیل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے لئے اس کمیٹی کے بہت منفی نتائج برآمد ہوں گے۔ اس رپورٹ کے مطابق روسی بحریہ کی آبدوز روستوف حال ہی میں بحیرہ روم میں داخل ہوئی ہے جس کے باعث شام میں اسرائیل کے فوجی اقدامات بے سود ہو کر رہ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ روسی بحریہ کی اس آبدوز کا سراغ لگانا بہت مشکل ہے جس کی وجہ سے اسے "خاموش قاتل ” کا نام دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کے دفتر کے ترجمان سعد حدیثی نے اس سے قبل تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے کے مقصد سے ایران، روس ،عراق اور شام کے نمائندوں کی موجودگی کے ساتھ خفیہ اطلاعات کے تبادلے اور ان کے جائزے کے لئے ایک مرکز کی تشکیل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس مرکز کی اہم سرگرمیاں دہشت گردوں کے اقدامات کی نگرانی اور ان کی آپریشنل صلاحیتوں میں کمی لانے سے عبارت ہوں گی۔