رپورٹ کے مطابق حماس کے یوم تاسیس کے حوالے سےوسطی غزہ میں شاہراہ عمر المختار پر ایک بڑے عوامی جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اجتماع سے حماس کی مرکزی قیادت کے علاوہ دیگر جماعتوں کے رہنما بھی خطاب کریں گے۔
غزہ کی پٹی کی تمام مساجد سے لاکھوں افراد حماس کے پرچم تھامے ریلیوں کی شکل میں وسطی غزہ کی طرف رواں دواں ہیں۔
قبل ازیں حماس کی جانب سے وسطی غزہ کی پٹی میں الکتیبہ گراؤنڈ اور السرایا میں اجتماع کی تیاریاں کی گئی تھیں تاہم اس بار وہاں اجتماع منعقد نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں حماس کی آفیشل ویب سائیٹ پرحماس کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ایک مفصل رپورٹ پوسٹ کی گئی تھی۔ رپورٹ میں حماس کی قیادت کے اہم پیغامات کے علاوہ جماعت کی وطن عزیز کی آزادی اور مقدسات کے دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی ایک جھلک دکھائی گئی ہے۔ ان میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل، اسماعیل ھنیہ، ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق، خلیل حیہ، محمود الزھار، روحی مشتہی اور صالح العاروی کے پیغامات شامل ہیں۔