فلسطین میں جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شہید فلسطینی سامی شوقی ماضی کی نماز جنازہ وسطی غزہ کے البریج کیمپ میں ادا کی گئی، جہاں اسے سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک تھے۔شہید کے جنازے کے شریک شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے عوامی محاذ کے رہنما حسین الھباش نے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کی مرتکب ہو رہا ہے۔ حسین الھباش کاکہنا تھا کہ نہتے فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ فلسطینی رہنما نے صدر محمود عباس پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مفاہمتی عمل آگے بڑھانے سے صاف انکار کریں اور فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔