اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے جمعرات کے روز ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر نجیب عبدالرزق سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مسئلہ فلسطین کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق خالد مشعل نے اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ ملائیشین وزیراعظم سے وہاں کی حکمراں جماعت ’’آمنو‘‘ کے صدر دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں ’’آمنو‘‘[ملائیشیا کی حکمراں جماعت] اور حماس کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
خالد مشعل نے ملائیشیا کے وزیراعٖظم اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت جاری رکھیں۔ وزیراعظم نجیب رزاق نے بھی فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھنے اور غزہ کی پٹی کی تعمیر نوکے عمل میں تعاون بڑھانے کا یقین دلایا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم اور دیگر رہ نمائوں نے حماس کی قیادت سے ملاقات کے دوران فلسطین میں جاری اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور فلسطینی قوم کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔