اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے نائب صدراور سابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کی قربانیوں سے آزادی کی منزل بہت قریب آگئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہدائے آزادی کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔ فلسطینی شہداء کا لہو بھی جلد رنگ لائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اسماعیل ھنیہ نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینی انس حمد کے والد الشیخ بسام حماد سے ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم فدائی نوجوانوں، شہیدوں اور غازیوں کی قوم ہے اور شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔ وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب فلسطینی قوم اپنے شہداء کے خون کا ثمر پائیں گے اور آزاد فضائوں میں سانس لیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان رام اللہ کے مشرقی قصبے سلواد میں جام شہادت نوش کرگیا تھا۔ شہادت سے قبل فلسطینی نوجوان نے دو اسرائیلی فوجیوں کو اپنی گاڑی تلے کچل ڈالا تھا جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے تھے۔
یکم اکتوبر کے بعد سے فلسطین میں جاری مزاحمتی کارروائیوں میں پچیس یہودی ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ اسرائیلی فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایک سو بیس کے قریب فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔