اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کی اپیل پر فلسطین میں آج جُمعہ کو صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی، شہداء کے مکانات کی مسماری اور فلسطینی شہداء کے جسد خاکی روکے جانے کے خلاف ملک بھر "یوم الغضب” منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینیوں کے مکانات کی مسماری، شہداء کے جسد خاکی روکے جانے اور روز مرہ کی بنیاد پر جاری صہیونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف فلسطینی عوام سڑکوں پر نکلیں اور بھرپور احتجاج کریں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے دو روز قبل دو فلسطینی شہید ابراہیم عکاری اور اسیر راغب علیوی کے مکانات مسمار کرکے فلسطینیوں کو غیض وغضب کی دعوت دی ہے۔ اس پر فلسطینی قوم کو پوری جرات اور قوت کے ساتھ نہ صرف احتجاج میں حصہ لینا چاہیے بلکہ تشدد کے مرتکب فوجیوں کو پوری قوت سے جواب دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے دو ماہ سے جاری تحریک کے دوران درجنوں فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد ان کے جسد خاکی قبضے میں لے رکھے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 50 سے زائد فلسطینی شہداء کے جسد خاکی اسرائیلی فوج نے قبضے میں لیے جن میں سے صرف 11 شہداء کے میتیں واپس کی گئی ہیں۔