فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے الشیخ جراح میں فلسطینی مہاجر کیمپ پر رات گئے اسرائیلی فورسز نے یلغار کردی جس کے نتیجے میں آخری اطلاعات تک خواتین اور بچوں سمیت 43 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
رپورٹ نے مقامی طبی ذرائع اور عینی شاہدین کےحوالےسے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ بدھ کی شام صہیونی فوجیوں نےشعفاط کیمپ کا محاصرہ کیا۔ مقامی شہریوں پر اندھا دھند آنسوگیس کی شیلنگ کی، براہ راست فائرنگ کے ساتھ ساتھ مظاہرین پرربڑ کے خول میں لپٹی دھاتی گولیوں سے بھی حملے کیے گئے جس کےنتیجے میں درجنوں فلسطینی لہولہان ہوگئے ہیں۔عینی شاہدین نے بتایاکہ اسرائیلی فوج کی دھاتی گولیوں کی فائرنگ سے 13 افراد کو زخمی ہونے کےبعد اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ 30 افراد براہ راست فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں سے بعض کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی تاہم کچھ شہریوں کو اسپتالوں میں لےجایا گیا ہے۔
مقامی شہریوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور پولیس کی 1200 کی نفری نے پہلے شعفاط کیمپ کا چاروں اطراف سے محاصرہ کیا اور اس کےبعد شہریوں کے گھروں پر اشک آور گیس کی شیلنگ شروع کردی۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ وحشیانہ کارروائی ایک مقامی فلسطینی شہری ابراہیم العکاری کے مکان کو ڈائنما میٹ سے اڑا نے کے بعد کی گئی۔ قبل ازیں بدھ کو قابض فوجیوں نے ابراہیم عکاری شہید اور محمد علی شہیدکے مکانوں کو بارود سے اڑا دیا تھا۔ ان واقعات کےبعد مشتعل فلسطینی گھروں سے نعرے لگاتےہوئے اسرائیلی فوج کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے تھے۔