اسرائیل کے عبرانی ریڈیو نے دعویٰ کیا ہےکہ فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے مغربی کنارے کے شمالی شہر طوباس سے اسلامی جہاد نامی ایک بڑی عسکری تنظیم سے وابستہ سیل گرفتار کیا ہے جو مبینہ طورپر اسرائیلی فوجیوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام سیکیورٹی حکام نے حال ہی میں اسلامی جہاد سے وابستہ ایک گروپ کے ارکان کو حراست میں لیا ہے۔ حراست میں لیے گئے فلسطینی اسرائیلی فوج اور صہیونی تنصیبات پرحملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے فلسطینی مزاحمت کاروں کی تعداد چھ ہے جن کے قبضے سے گیس سلینڈر، دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگوں کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات، بندوقیں، دستی بم ،دیسی ساختہ گرنیڈ اور سامان بھی ضبط کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی پولیس نے یکم اکتوبرکے بعد سے فلسطین میں جاری تحریک کے دوران اسرائیلی فوج اور صہیونی تنصیبات پر حملوں کی 100 کارروائیوں کو ناکام بنایا ہے۔