رپورٹ کے مطابق "حماس” کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی ملک میں نفرت کی سیاست کو ہوا دے رہی ہے۔ الاقصیٰ ٹی وی چینل کی غرب اردن میں نشریات کی اجازت دینے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا صہیونی ریاست کے سنگین جرائم کی پردہ پوشی کی حمایت کے مترادف ہے۔
ترجمان نے فلسطینی قومی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے الاقصٰی چینل کی غرب اردن میں نشریات بحال کرانے کا حکم دیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ غرب اردن میں کسی قومی نشریاتی ادارے کی نشریات پرپابندی عائد کرنا اور اس پابندی کو برقرار رکھنا قوم کے ساتھ دشمنی اور ایک نہایت خطرناک رحجان ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے نومبر کے اوائل میں اسرائیل کے دباؤ پر غرب اردن میں الاقصیٰ ٹی وی چینل کی نشریات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد غرب اردن کے عوام کو اس چینل کی نشریات سے محروم کردیا گیا۔ چینل کی انتظامیہ غرب اردن میں نشریات کی بحالی کے کوشاں ہے مگر فلسطینی اتھارٹی کے متعلقہ عہدیدار اس میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔