رپورٹ کے مطابق آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں عرب ملکوں کے گروپ کے نمائندے علی خلفان المنصوری نے کہا ہے کہ اسرائیل جان بوجھ کر عالمی قراردادوں پر عملدر آمد سے گریز کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکام ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ پر پابندی کے معاہدے این پی ٹی کو ذرہ برابر اہمیت نہیں دیتے اسرائیل کا این پی ٹی میں شمولیت سے گریز کرنا عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں عرب ملکوں کے نمائندے نے واضح کیا کہ عالمی رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ اسرائیل کے پاس جدید ترین ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔ علی خلفان المنصوری نے کہا کہ صیہونی حکومت نے خطے کے ملکوں اور عرب اقوام کے خلاف مخاصمانہ پالیسیاں اپنا رکھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی حکام انتہائی بے صبرے ہیں اور بے گناہوں کے خلاف ہر قسم کے مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے بھی گریز نہیں کرتے ۔