فلسطینی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر ڈاکٹر احمد بحر نے کہا ہے کہ عالمی انسانی حقوق کے اداروں نے نہتے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے جنگی جرائم پرمہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کو چاہیے کہ وہ صہیونی ریاست کے جنگی جرائم کا نوٹس لے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احمد بحر کا کہناتھا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں نے ثابت کیا ہے کہ صہیونی ریاست فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ حربے استعمال کرکے جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری صرف یہ نہیں کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف صہیونی جنگی جرائم کی نشاندہی کرنے کے بعد خاموشی اختیار کرلے بلکہ بین الاقوامی اداروں کو فلسطینیوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے اور انسانی حقوق کی پامالی کے مرتکب صہیونیوں کوکٹہرے میں لانے کے لیے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔فلسطینی ڈپٹی اسپیکر نے اسرائیلی جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی سے فلسطینیوں پر صہیونی فوج کے ظلم وستم کا سلسلہ مزید شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔