اطلاعات کے مطابق انتہا پسند یہودی آبادکار منگل کی صبح صیہونی حکومت کی فوج کی مدد سے مسجدالاقصی میں داخل ہوئے جس سے حالات سخت کشیدہ ہو گئے۔
قابل ذکر ہے کہ مسلح یہودی آباد کاروں کی ایک تعداد ہر روز مسجد الاقصی میں داخل ہوتی ہے اور ان کو صیہونی فوجیوں کی مدد حاصل ہوتی ہے۔انتہا پسند یہودی آباد کار مسجد الاقصی میں داخل ہوکر وہاں کشیدگی پھیلاتے ہیں اور مسلمان نمازیوں کو زد و کوب بھی کرتے ہیں۔
ادھر صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں ایک فلسطینی جانباز کی جانب سے انجام پانے والی کارروائی میں چار صیہونی فوجی زخمی ہوگئے۔
قدس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایک فلسطینی جانباز نے نابلس کے جنوب میں اپنی گاڑی سے چار صیہونی فوجیوں کو شدید زخمی کر دیا۔
صیہونی ذرائع نے اس حملے کا اعتراف کیا ہے اور حملہ کرنے والے فلسطینی کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی جانباز کے حملے میں زخمی ہونے والے چار صیہونی فوجیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی فوجیوں نے اپنی جارحیت جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز بیت المقدس میں ایک فلسطینی لڑکی کو گولی مارکر شہید کر دیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونی فوجیوں کی جارحیت کے نتیجے میں اکتوبر کے آغاز سے اب تک سو فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔