فلسطین سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے بیت لحم کے جنوبی قصبے فجار پر گذشتہ روز دھاوا بول دیا اور زبردستی شہید عصام ثوابتہ کے گھر داخل ہو گئے۔ عصام کو کچھ عرصہ قبل اسرائیلی فوج نے شہید کیا تھا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے قصبے پر چھاپہ مارا اور زبردستی ثوابتہ خاندان کے گھر میں گھس گئے جس کے بعد پرتشدد جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ذرائع نے بتایا کہ ثوابتہ خاندان کے چار بھائیوں کو چھاپے کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔ تصادم کا سلسلہ قصبے کے مختلف علاقوں میں پھیلتا ہوا داخلی دروازے تک جا پہنچا۔
میڈیکل ذرائع کے مطابق آٹھ نوجوانوں کو ربڑ کی گولیاں لگیں جبکہ دس دیگر کی حالت زیادہ اشک آور گیس نگلنے کی وجہ سے غیر ہو گئی۔
قابض فوج نے فجار قصبے کو فوجی علاقہ قرار دیکر بند کر رکھا تھا جہاں صحافیوں کو پروگرامات کی کوریج کی اجازت نہیں تھی۔
قریبی قصبات پر بھی ایسی ہی پابندیاں لگا کر ان کے داخلی راستوں پر چوکیاں قائم کر دی گئیں تھیں۔