فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں بورین کے مقام پر واقع ہائی اسکول پر یہودی آباد کاروں نے حملہ کرکے اسکول میں توڑپھوڑ کی۔
رپورٹ کے مطابق اسکول کے پرنسپل نے بتایا کہ 20 یہودی غنڈہ گردوں کے ایک گروپ نے اتوار کی شام اسکول کی عمارت پر دھاوا بول دیا اور عمارت میں گھس کراس کی توڑپھوڑ کی۔ یہودیوں نے اسکول میں بچوں اور عملے کے استعمال کا فرنیچر بھی توڑ دیا۔مقامی شہریوں نے یہودی آباد کاروں کو اسکول سے نکالنے کی کوشش کی توان پر بھی تشدد کیا گیا۔ یہودیوں کا دعویٰ تھا کہ اسکول کے بچے راہ چلتے ہوئے یہودی آبادکاروں کی گاڑیوں پر سنگ باری کرتے ہیں۔
اسکول کے پرنسپل نے بتایا کہ یہودی شرپسندوں کی آمد کے وقت بچے اپنی اپنی جماعتوں میں موجود تھے مگر اسکول کی انتظامیہ نے بچوں کو بہ حفاظت ان کے کمروں سے نکال دیا تھا۔
بعد ازاں اسرائیلی فوجیوں نے اسکول میں جمع ہونے والے شہریوں اوراحتجاج کرنے والوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔