فلسطین کے سنہ 1948 ء کے مقبوضہ علاقے تل الربیع[تل ابیب] کے قریب "کریات جات” نامی یہودی کالونی کے داخلی راستے پر انتہا پسند یہودیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
رپورٹ نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کے روز یہودی آباد کاروں کے ایک مسلح گروپ نے "شقیب السلام” قصبے میں ایک فلسطینی نوجوان کو پکڑا اور اسے مار مار کر شدید زخمی کردیا۔ زخمی ہونے والے نوجوان کو عسقلان شہر کے "برزیلائی” نامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔قبل ازیں اسی علاقے میں نامعلوم شخص کے چاقو سے حملے میں چار یہودی آباد کار زخمی ہوگئے تھے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہودی شرپسندوں نے فلسطینی نوجوان کو انتقامی کارروائی کے تحت تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے کریات جات کالونی کے قریب ایک فلسطینی عرب نوجوان کو شدید زخمی حالت میں پڑے دیکھا۔ اسے یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ نے تشدد کے بعد وہاں پھینک دیا تھا۔ زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کاروں نے فلسطینی نوجوان کو یہودیوں پر چاقو سے حملے کے شبے میں تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔