رپورٹ کے مطابق رام اللہ اور البیر ہ میں فلسطین کی قومی اور اسلامی جماعتوں کے جاری کردہ الگ الگ بیانات میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات میں امریکہ برابر کا شریک ہے۔
بیان میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے مقبوضہ فلسطین کے دورے کی بھی مذمت کی گئی۔ فلسطینی جماعتوں کے بیانات میں اسرائیل کے مقابلے میں تمام مزاحمتی جماعتوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے ضرورت پر زور دیا گیا۔بیان میں فلسطینی عوام سے اپیل کی گئی وہ امریکہ کے جانبدارانہ موقف کے پیش نظر منگل چوبیس نومبر سے تمام فلسطینی علاقوں میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ تیز کر دیں۔ فلسطینی جماعتوں نے آئندہ جمعے کو صیہونی حکومت اور صیہونی آباد کاروں کے خلاف جدو جہد تیز کرنے کا دن قرار دیا ہے۔
بیان میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے غاصبوں کے انخلا اور فلسطینیوں کے حقوق کی بحالی تک بھرپور طریقے سے مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری انتفاضہ قدس کو روکنے کی غرض سے پیر کے روز مقبوضہ فلسطین کا دورہ کرنے والے ہیں۔ وہ اس دورے میں صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے علاوہ فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔