مقامی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے ہفتے کو علی الصباح الخلیل شہر میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے کارکنوں اور رہ نماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا۔ گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں متعدد شہریوں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوجیوں نے الخلیل میں شاہراہ السلام، وادی ابو اکتیلہ، زیتون کالونی، الحرایق کالونی، تحریر اسکوائر، قصبہ دورا، دیر سامت اور پرانے الخلیل شہر میں چھاپے پارے اور گھروں میں گھس کر بچوں اور خواتین کو زدو کوب کرنے کے ساتھ قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور نقدی وزیورات لوٹ لیے۔
تلاشی کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے سابق اسیر الشیخ عادل العیدہ الحرباوی، دو اسیران حسام اور حسین کے بھائی محمد علی القواسمی، عثما شریف اعبیدو، عزات شعبان الخطیب، اسماعیل تیسیر بدر، نادر حلمی نتشہ، احمد منیر قزاز اور سماحہ جمال حسین کوازبہ کو حراست میں لے لیا گیا۔
دیر سامت کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی اسیر احمد ناصر الشروانہ کے گھر پرچھاپہ مارا اور گھر میں توڑ پھوڑ کی۔ مغربی الخلیل کے دیر سامت قصبے میں دیگر فلسطینیوں کے گھروں میں بھی چھاپے مار گئے جہاں صہیونی فوجیوں ںے لوٹ مار کی۔
ریڈیو اسٹیشن پردھاوا، نشریات بند
اطلاعات کے مطابق الخلیل میں صہیونی فوجیوں نے ایک مقامی ریڈیو اسٹیشن کے دفتر پربھی چھاپا مارا اور اسٹیشن کے اسٹوڈیو کی توڑپھوڑ کے بعد عملے کو زدو کوب کیا۔ قابض فوجیوں نے کی جانب سے ریڈیو اسٹیشن کی انتظامیہ کو ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ وہ چھ ماہ تک ریڈیو کی نشریات پیش نہیں کرسکتے ہیں۔
ریڈیو اسٹیشن کے ڈائریکٹر امجد شاور نے میڈیا کو بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے انہیں دھمکی آمیز لہجے میں نشریات بندکرنے کو کہا اور الزام عائد کیا کہ ریڈیو سے اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیز نشریات پیش کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریڈیو اسٹیشن کے دور میزبانوں راضی کرامہ اور حلمی العجبہ کو صہیونی فوجیوں نے وحشیانہ تشدد کانشانہ بنایا۔ ریڈیو اسٹیشن کا سامان توڑپھوڑ کے بعد قیمتی اشیاء لوٹ لی گئیں۔
ادھر رام اللہ میں اسرائیلی فوجیوں نے ایک مقامی صحافی 32 سالہ محمد القیق کے گھر پرچھاپہ مار کرگھر میں توڑپھوڑ کی اور اس کی اہلیہ اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ قابض فوجیوں نے القیق کا لیپ ٹاپ اور موبائل بھی قبضے میں لے لیا اور القیق کو تشدد کے بعد حراست میں لے لیا گیا۔
الاقصیٰ ریڈٰیو کے نامہ نگار کی اہلیہ فیحا شلش نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے ہفتے کو علی الصباح ان کے گھر پرچھاپا مارا اور گھر میں موجود قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی۔ صہیونی فوجی اس کے شوہر کا لیپ ٹاپ اور موبائل بھی ساتھ لے گئے۔