اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے جمعرات کے روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے بیت لحم شہر سے حراست میں لی گئی 15 سال عمر کی تین فلسطینی طالبات کے جسمانی ریمانڈ میں مزید آئندہ اتوار تک توسیع کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیم کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں قائم عوفر نامی فوجی عدالت نے زیراست طالبات ھدیل مازن کلبیہ، ھبہ رائد جبران اور نورنضال سلامہ کے جسمانی اور جوڈیشل ریمانڈ میں اتوار کی شام تک توسیع کردی ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے تینوں فلسطینی طالبات کو جمعرات کے روز بیت لحم شہر کے مشرقی قصبے بیت ساحور میں اسکول سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ انہیں عوفر نامی فوجی جیل میں لے جایا گیا ہے۔
حراست میں لی گئی تینوں کم سن طالبات پر اپنے پاس چاقو رکھنے اور یہودی آباد کاروں پر چاقو سے حملے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔