فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں ایک احتجاجی مظاہرے پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 25 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ جمعہ کے روز مشرقی غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں نے "یوم الغضب” کے حوالے سے ایک جلوس نکالا۔ اسرائیلی فوجیوں نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ ان پر براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم پچیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسپتالوں میں پچیس افراد کو لایا گیا ہے جن میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پندرہ افراد الشجاعیہ کے مشرقی علاقے میں ریلی پر آنسو گیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے، تین مشرقی البریج میں اور متعدد افراد بیت حانون گذرگاہ کے قریب ایک ریلی پر فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق البریج پناہ گزین کیمپ کے قریب نکالی گئی ریلی پر فائرنگ سے 9 افراد زخمی ہوئے۔