اسرائیل کے جنگی طیاروں نے بدھ کو علی الصباح فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر تین الگ الگ مقامات پر میزائل حملے کیے ہیں جن میں متعدد مکانات تباہ ہوئے ہیں تاہم ان حملوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹ کے غزہ میں نامہ نگار نے بتایا کہ صہیونی فوج کے اپاچی ہیلی کاپٹروں نے وسطی غزہ میں المغازی پناہ گزین کیمپ میں صلاح الدین بریگیڈ کے عسکری ونگ مزاحمتی کمیٹیز کے دو مراکز پر بمباری کی۔نامہ نگار کے مطابق غزہ کی پٹی میں دو دیگر مقامات پر بھی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے میزائل حملے کیے گئے تھے جن کے نتیجے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق مغربی غزہ کی پٹی میں الخیالہ اور الیرموک کے مقامات پر اسرائیلی طیاروں نے القسام بریگیڈ کے دو مراکز کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ میزائل حملے گذشتہ شام غزہ کی پٹی سے جنوبی فلسطین میں داغے گئے راکٹوں کا جواب ہے۔