پی ایل او کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے جنرل سیکریٹری صائب عریقات نے الیوم السابع نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے پیرس اور لبنان کے دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والے ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فلسطینیوں کے گھروں کو ڈھانے کے لئے وحشیانہ حملے شروع کر دیئے ہیں اور عام شہریوں کو سزا دینا شروع کر دیا ہے- صائب عریقات نے مزید کہا کہ صیہونیوں کے یہ حملے جنگی جرائم ہیں اور صیہونی حکومت فلسطینیوں کے خلاف بھر پور جنگ چھیڑنا چاہتی ہے- پی ایل او کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ صیہونیوں کا غاصبانہ قبضہ ختم کرنا ، کالونیوں کی تعمیر اور جرائم کا سلسلہ روکنا، دنیا کو دہشت گردی کی دلدل سے نکالنے کے لئے نہایت ضروری ہے- صائب عریقات نے کہا کہ صیہونی حکومت ، بین الاقوامی قوانین کو پامال کر کے جنگ کے زمانے میں عام شہریوں کے ساتھ برتاؤ سے متعلق بین الاقوامی قوانین و معیارات کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے، جسے اسے ترک کرنا پڑے گا- اسرائیلی فوجیوں نے گذشتہ دنوں میں نابلس اور رام اللہ میں بعض فلسطینی قیدیوں کے گھروں کو تباہ کر دیا ہے-