اسرائیلی حکام نے مغربی کنارے کے شہر الخلیل کی جنوبی میونسپلٹی السموع کا مغربی دروازہ اتوار کی رات بغیر کوئی وجہ بتائے بند کر دیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے قابض صہیونی اپنے ہمراہ فوجی بلڈوزر لیکر آئے اور انہوں نے المسموع بلدیہ کا شمالی راستہ سیمنٹ کے بڑے بڑے بلاک رکھ بند کر دیا جس کے بعد اس راستے سے شہریوں کی نقل وحرکت بلاک ہو گئی۔اسرائیلی فوج نے جنوبی الخلیل کی متعدد میونسپلیٹیز کا محاصرہ شدید کر رکھا ہے اور بند راستوں پر ہمہ وقت اپنے گماشتے تعینات کر رکھے ہیں جو شہریوں کو علاقے میں آنے جانے سے روک رہے ہیں۔
اسرائیلی فوجیوں نے بیت عوا نامی میونسپلٹی کے آس پاس بھی اپنی تعداد میں اضافہ کیا ہے اور الفوار کیمپ کے داخلی دروازے پر رکاوٹیں کھڑی کر کے لوگوں کو آنے جانے سے منع کر رہے ہیں۔ نیز ہر آنے جانے والے شخص کی اشتعال انگیز طریقے سے تلاشی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔