ترکی میں مقیم فلسطینی برادری اور مقامی شہریوں نے شام میں خانہ جنگی کے نتیجے میں بے گھرہونے کے بعد ترکی پہنچنے والے پناہ گزینوں کی امداد کے لیے خوراک، گرم کپڑے اور دیگر اشیاء جمع کرنے کی مہم شروع کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پناہ گزینوں کو درپیش بدترین معاشی مشکلات کے تناظر میں ترکی میں قائم نمائندہ فلسطینی کمیٹی کے کارکنوں نے جمعرات کو انطاکیا، اسکندرون اور جنوبی ترکی کے کرخان شہر میں کیمپوں میں پناہ لینے والے شہریوں میں گرم کپڑے، بچوں کا سامان اور خشک خوراک تقسیم کی۔فلسطینی کمیٹی کی جانب سے استنبول اور اس کے مضافات میں پناہ لینے والے پناہ گزینوں اور ان کے بچوں کو بھی مالی مدد فراہم کی ہے۔
خیال رہے کہ ترکی میں سرگرم فلسطینی کمیٹی طویل عرصے سے پناہ گزینوں کی مدد کے لیے کوشاں ہے۔ اس کمیٹی کی جانب سے پناہ گزینوں کو کپڑوں کی فراہمی، خوراک اور دیگر اشیاء کے فراہمی کے لیے ہرماہ مہم چلائی جاتی ہے۔ کمیٹی ہرمہینے کسی مخصوص شہروں کا انتخاب کرکے وہان پہنچنے والے پناہ گزینوں کی ہرممکن مالی مدد کرتی ہے۔ ترکی کے عوام اس حوالے سے داد کے مستحق ہیں کہ وہ نہ صرف بڑی تعداد میں شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھائےہوئے ہیں بلکہ ان کی جانب سے پناہ گزینوں کی ہرممکن مالی مدد کی جاتی ہے۔