رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے نہتے فلسطینیوں کو گولیاں مارکر نہ صرف انہیں شہید کیا بلکہ شہداء کے جسد خاکی بھی اپنے قبضے میں لے رکھے ہیں۔ شہداء کا بغیر کسی وجہ کے قبضے میں رکھنا عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ فلسطینی عوام صہیونی فوج کے اس مکروہ حربے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے قبضے میں حالیہ ایام میں شہید کیے گئے 27 فلسطینی شہداء کی میتیں موجود ہیں۔ ان کی بازیابی اور اسلامی طریقے سے ان کی تدفین میں رکاوٹ ڈالنا صہیونی ریاست کی فلسطین دشمنی ہے۔
حماس نے فلسطینی نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کل جمعہ کو ملک گیر احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے گھروں سے نکلیں اور فلسطینی شہروں اور یہودی کالونیوں کو باہم ملانے والے مقامات پر جمع ہو کراحتجاج کریں۔