اتحاد نوجوانان انتفاضہ کی اپیل پر ہونے والے اس مظاہرے میں شریک نوجوان، غزہ میں اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر کے سامنے جمع ہوئے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات پر اقوام متحدہ کی خاموشی کی مذمت میں نعرے لگائے۔
فلسطینی نوجوانوں نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اور ہاتھ سے لکھے ہوئے اعلانات اُٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ سے اسرائیلی جارحیت بند کروانے اور فلسطینیوں کی حمایت کی اپیلیں درج تھیں۔اتحاد نوجوانان انتفاضہ کے کنوینر جمال یاغی نے اس موقع پر کہا کہ یہ اجتماع اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات پر اقوام متحدہ کی خاموشی کے خلاف ہمارے غم و غصے کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطینیوں کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے اور اسرائیل کی جانبداری کرنا چھوڑ دے۔
اسی طرح کا ایک مظاہرہ غزہ میں عالمی ریڈکراس سوسائٹی کے دفتر کے سامنے بھی کیاگیا ۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اٹھار رکھے تھے اور وہ عالمی برداری سے مطالبہ کررہے تھے کہ اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی کھل کر حمایت کی جائے۔