خلیجی ریاست قطرکے امیرمملکت نے فلسطینیوں کے منصفانہ حقوق کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے اور مقدس مقامات کے دفاع کے لیے تحریک انتفاضہ شروع کرنے پرمجبور ہوئی ہے۔ قطر فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
رپورٹ کے مطابق دوحہ میں مجلس شوریٰ کے 44 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے کہا کہ فلسطینیوں کے حقوق سے متعلق ان کے ملک کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ ہم ماضی کی طرح فلسطینیوں کے منصفانہ مطالبات اور حقوق کی حمایت جاری رکھیں گے۔امیر قطر کا کہنا تھا کہ ان دنوں فلسطین میں جاری تحریک نتفاضہ فلسطینیوں کے دفاع اور مقدس مقامات کے تحفظ کی تحریک ہے۔ یہ تحریک فلسطینی عوام پوری مسلم اور عرب اقوام کی طرف سے چلا رہے ہیں۔ ان کی حمایت کرنا تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ قطر کی فلسطین کے بارے میں کیا پالیسی ہے۔ ہم اپنے اصولوں میں تبدیلی نہیں لاتے۔ البتہ ہمیں اپنے اعمال و افعال کی اصلاح کی طرف ضرور توجہ دینا چاہیے۔ اپنی غلطیوں کی اصلاح ہونی چاہیے مگر اصولوں پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔
اس موقع پر امیر قطر کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرنے سے قطر کی تیل کی پیداوار پرکوئی اثرنہیں پڑا ہے۔