رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے الشیخ الکسوانی کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ میں خفیہ کیمرے نصب کرنے کا مقصد یہودی آباد کاروں اور اسرائیلی فورسز کی نقل وحرکت پر نظر رکھنا تھا مگر اسرائیلی فوج اپنی من مانی کرتے ہوئے مرضی کے مطابق کیمرے لگانے کے لیے دباؤ ڈال رہی تھی جس پر یہ کام روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی محکمہ اوقاف کو معلوم ہوا ہے کہ اسرائیلی حکام اپنی مرضی کے مطابق خفیہ کیمرے ان مقامات پر لگوانے کی کوشش کررہے تھے جہاں یہودیوں کا فائدہ ہے۔ صہیونی حکام کی اس منظم مداخلت کے بعد غیرمعینہ مدت کے لیے کیمروں کی تنصیب کا کام روک دیا گیا ہے۔
الشیخ الکسوانی نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں کیمرے نصب کرنے کا مقصد مقدس مقام کی حرمت کو قائم رکھنا اور یہودی شرپسندوں کے ہاتھوں مقدس مقام کی بے حرمتی روکنا ہے مگر صہیونی فوج اس میں مداخلت کرتے ہوئے مرضی کے مقامات پر کیمرے نصب کرنا چاہتی ہے۔
ڈائریکٹر مسجد اقصیٰ نے کہا کہ فلسطینی محکمہ اوقاف نے صہیونی فوج کی مداخلت اور ان کی من مانی مسترد کرتے ہوئے کیمرے نصب کرنے کا کام روکا ہے۔ اسرائیلی فوجی اپنی مرضی کے مطابق قبلہ اوّل میں کیمرے لگانے کی کوشش کررہے تھے۔