فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اتوار کے روز اسرائیلی فوجیوں کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم دو درجن فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری کردہ بیانات میں بتایا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں تلاشی کی کارروائی میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے رہ نما کو بھی گرفتار کیا گیا ہے تاہم ان کی شناخت ظاہرنہیں کی گئی۔مقامی ذرائع کے مطابق اتوار کے روز اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شہروں رام اللہ، نابلس، الخلیل اور دوسرے شہروں میں گھر گھرتلاشی لی۔ الخلیل شہر سے چار افراد کو حراست میں لیا گیا۔
الفوار پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کی کارروائی میں صہیب ابو وردہ کو ھراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ کرمہ اور دورا کے مقامات پر تلاشی کی کارروائیوں میں معاذ اور یوسف ابو شیخہ نامی شہریوں کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق گرفتار کیے جانے والے تمام افراد کو تفتیش کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔