اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے بدھ کے روز لبنان کے وزیراعظم تمام سلام سے ان کے دفترمیں ملاقات کی۔ حماس رہ نما نے لبنانی حکومت پر فلسطینیوں کی موجودہ تحریک انتفاضہ کی حمایت پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابو مرزوق اور لبنانی وزیراعظم تمام سلام کے درمیان ہوئی ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال ، لبنان اور عرب خطے کی مجموعی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ابور مرزوق نے لبنانی وزیراعظم تمام سلام پر زور دیا کہ وہ بیت المقدس میں جاری تحریک انتفاضہ کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کو پوری دنیا اور عرب ممالک کی جانب سے کھلی حمایت کی ضرورت ہے۔ عرب ممالک کو اس باب میں پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ القدس صرف فلسطین کا نہیں بلکہ پوری عرب دنیا کا مرکز ہے۔ اس لیے القدس کی آزادی تمام عرب ممالک کی آزادی کے مترادف ہے۔
حماس رہ نما نے لبنان میں امن وامان کے قیام اور فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ حماس لبنان کے استحکام اور امن کی حامی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پرامن لبنان فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لے بہتر خدمات انجام دے سکتا ہے۔ انہوں نے شمالی بیروت میں نہر البارد کیمپ میں چند ہفتے قبل پیدا ہونے والی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر لبنانی وزیراعظم تمام سلام نے فلسطینیوں کی حمایت اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پوری مسلم امہ کا مرکزی قضیہ ہے پوری دنیا کی اس کی اہمیت سے آگاہ ہے۔ تمام سلام نے فلسطینی تنظیموں کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کومشورہ دیا اور کہا کہ فلسطینیوں کی کامیابی ان کی مفاہمت اور مصالحت کی پالیسی میں مضمر ہے۔