رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کل جمعہ کو فلسطین کے مختلف شہروں میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے منعقد کیے جائیں گے۔ احتجاجی ریلیوں کے شرکاء فلسطینی اور اسرائیلی بستیوں کو باہم ملانے والے مقامات کی طرف ریلیوں کی شکل میں پرامن مارچ کریں گے۔ حماس تمام فلسطینیوں سے ان پرامن ریلیوں میں شرکت کی اپیل کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم اسرائیلی فوج کے مظالم سے خوف زدہ نہیں ہیں۔ پچھلے ایک ماہ سے اسرائیل نے فلسطینیوں کو بہت زیادہ خون بہا دیا ہے مگر فلسطینی قوم وطن کی آزادی اور مقدس مقامات کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے رہیں گے۔
حماس نے صہیونی فوج کو خبردار کیا ہے کہ وہ پرامن فلسطینی ریلیوں پرطاقت کے استعمال سے گریز کرے ورنہ فلسطینیوں کے صبر کاپیمانہ چھلک سکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک غاصب اور قابض ریاست کے خلاف احتجاج فلسطینیوں کا حق ہے اور ہم یہ حق بار بار استعمال کریں گے۔
حماس کی اپیل کے بعد فلسطین کی دوسری مذہبی ، سیاسی اور سماجی تنظیموں نے فلسطینی عوام سے مظاہروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل ہے اور حماس کی احتجاج کی کال کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔