خلیجی ریاست کویت کے تعاون سے غزہ کی پٹی میں سنہ 2014 ء کی اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے تباہ ہونے والے مکانات میں سے دو ہزار مکانوں کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کردیے گئے ہیں۔ آئندہ چند ایام میں تعمیراتی کام شروع ہوجائے گا۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں وزیر برائے ہائوسنگ و آباد یار مفید الحساینہ نے بتایا کہ کویت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری سے تباہ ہونے والے دو ہزار مکانات کی نئے سرے سے تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا۔ کویت کی جانب سے امداد فراہم کردی گئی ہے۔آئندہ چند ایام میں تعمیراتی عمل باقاعدگی سے شروع ہوجائے گا۔انہوں نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں تعمیراتی پروجیکٹ کی براہ راست نگرانی کویتی ماہرین تعمیرات کریں گے۔ فلسطینی وزیر کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں دو ہزار مکانات کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کیے جا چکے ہیں۔ نومبر کے اوائل میں ٹیندر کھولنے کے بعد مختلف تعمیراتی کمپنیوں کو ٹھیکے دیے جائیں گے۔