اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھونے کہا ہے کہ ان کی حکومت فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی کالونیوں کی تعمیرو توسیع پرپابندی کی کسی تجویز کو قبول نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہودی بستیوں کے تعمیرکے تمام پروجیکٹ جار رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پریس کو جاری ایک بیان میں بنجمن نیتن یاھو کا کہنا ہے کہ فلسطینی یہ بات غلط کہتے ہیں کہ ہم[اسرائیل] نے ان کے ساتھ یہودی بستیوں کی تعمیر کی کوئی شرط قبول کی ہے۔ ایسی کوئی شرط نہ تو رکھی گئی ہے اور نہ ہی اسے قبول کیا جائے گا۔ مقبوضہ عرب علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کے نئے منصوبوں پرکام جاری رہے گا۔خیال رہے کہ حال ہی میں تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکرٹری صائب عریقات کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں جان کیری اور صدر محمود عباس سے ملاقات کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی کالونیوں کی مزید تعمیر روکنے کی تجویز قبول کی تھی۔