اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل جماعت کے ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ گذشتہ روز جنوبی افریقا کے صدر مقام جوہانسبرگ پہنچے جہاں انہوں نے جنوبی افریقا کی حکمراں جماعت "نیشنل کانفرنس” کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق خالد مشعل اور ان کے ہمراہ آئے وفد نے جنوبی افریقا کی حکمراں جماعت کی مرکزی قیادت سے طویل ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ فلسطین، اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں کے خلاف مظالم، تحریک انتفاضہ القدس سمیت دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔یاد رہے کہ جنوبی افریقا فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی مظلوم فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کرنے والا اہم ترین ملک ہے۔ جوہانسبرگ کی حکومت اور حکمراں جماعت نے ہر مشکل میں فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کی ہے۔ حال ہی میں جب فلسطین میں اسرائیلی فوج نے مظالم کا آغاز کیا تو جنوبی افریقا میں سرکاری سطح پر صہیونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا۔
فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کی مخالفت میں ملک کے مختلف شہروں بالخصوص جوہانسبرگ، کیپ ٹائون، بینونی، لینزیا اور بریٹوریا میں بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ کی حمایت اور اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف شدید نفرت کا اظہار کیا گیا۔