فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی کے مشرق میں الشجاعیہ کالونی میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کے بعد اسکول بند اور گھروں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے نامہ نگار کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ الشجاعیہ کالونی پر ہفتے کو علی الصباح قابض اسرائیلی فوجیوں نے زہریلی آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں شہری متاثر ہوئے ہیں۔ آنسوگیس کی شیلنگ کے بعد الشجاعیہ کالونی میں قائم اسکول بند اور مقامی شہریوں کو وہاں سے نکال دیا گیا ہے۔غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ کا کہنا ہے کہ ہفتے کو علی الصباح اسرائیلی فوج کی الشجاعیہ کالونی پر فائرنگ کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی بھی ہوئےہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی دانستہ طورپر نہتے فلسطینی شہریوں کو آنسوگیس کی شیلنگ سے نشانہ بنا کر انہیں گھر بار چھوڑںے پر مجبور کررہی ہے۔ غزہ کی سرحدی بستیاں روز مرہ کی بنیاد پر اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بن رہی ہیں۔