اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل نمائندے ریاض منصور نے کہا ہے کہ فلسطینی مشرقی قدس میں اقوام متحدہ کی محافظ امن فوج تعینات کرنے کی درخواست کریں گے۔
ریاض منصور نے کہا کہ قدس کے موجودہ بحرانی حالات کے پیش نظر فلسطینی ایک تجویز میں کہ جو عرب ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی جائے گی، سلامتی کونسل سے درخواست کریں گے کہ وہ مشرقی قدس میں امن قائم کرنے کے لیے اس علاقے میں محافظ امن فوج تعینات کرے۔ اقوام متحدہ میں عرب ممالک کے مستقل نمائندے جمعرات کے روز ایک اجلاس منعقد کر رہے ہیں تاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے درخواست کریں کہ وہ دریائے اردن کے مغربی کنارے اور قدس کے بحرانی حالات کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس منعقد کرے۔ البتہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مشرق وسطی کے بارے میں معمول کا اجلاس آئندہ ہفتے منعقد ہو گا۔ ریاض منصور نے مزید کہا کہ عرب ممالک سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی اپنی اس تجویز میں مشرقی قدس میں مسجد الاقصی کے اطراف سے اسرائیلی فوجیوں کو باہر نکالنے کا بھی مطالبہ کریں گے تاکہ علاقے میں امن و امان قائم ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ قدس کے موجودہ حالات کے پیش نظر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطینیوں کی حمایت کرنا واجب ہے۔