مقامی ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ شب کفر الدیک کے مقام پر”علیہ زھاف” یہودی کالونی کے قریب فلسطینی شہریوں نے ایک یہودی آباد کار پر پٹرول بم پھینکا جس کے نتیجے میں گاڑی کو آگ لگ گئی۔ اس واقعے کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں شروع کردیں۔ جواب میں فلسطینی شہریوں نے بھی یہودی فوجیوں پر سنگ باری کی۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیاں اور ایک ایمبولینس کفر الدیک میں داخل ہوئی اور مقامی شہریوں کی تلاشی کے لیے گھر گھر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ فلسطینی شہریوں نے گھرسے نکل کر صہیونی فوج کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
اسرائیلی فوج نے سفلیت کی مرکزی شاہراہ پرواقع فلسطینی شہریوں کے مکانوں کی بھی تلاشی لی اور گھروں میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی گئی۔