فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں قابض اسرائیلی فوج اور پولیس کے نہتے فلسطینیوں پر تشدد کے تازہ واقعات میں 351 افراد کو زخمی کردیا گیا ہے۔ فلسطینی طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے کے اسپتالوں میں زخمیوں کی بڑی تعداد کو لایا گیا ہے جس کے نتیجے میں اسپتالوں میں جگہ کی بھی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رپورٹ کے امدادی ادارے "ہلال احمر فلسطین” کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی براہ است فائرنگ سے 25 فلسطینی زخمی ہوئے۔ 98 افراد کو دھاتی گولیوں سےگہرے زخم آئے ہیں، 217 افراد آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے ہیں جب کہ 11 افراد لاٹھی چارج کے نتیجے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔
مجموعی طورپر پچھلے آٹھ ایام میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 1640 تک جا پہنچی ہے۔ ان میں سے 101 شہری فائرنگ سے، 442 دھاتی گولیوں سے، 1066 آنسوگیس سے اور 31 افراد لاٹھی چارج سے زخمی ہوئے ہیں۔