فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں غاشوری فیکٹری کے قریب فلسطینی شہریوں کے ایک پرامن جلوس پر قابض صہیونی فوج نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم نو فلسطینی زخمی بتائے جاتے ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی شام طولکرم میں فلسطینی شہریوں نے دفاع قبلہ اول کے لیے ایک ریلی نکالی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر قبلہ اول کے دفاع اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے درج تھے۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ کی اورپھر ان کے اوپر براہ راست فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔تمام زخمیوں کو طولکرم میں الزکات اسپتال اور "شہید ثابت” اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بعض فلسطینیوں کے پاؤں اور بعض کے کندھوں میں گولیاں لگی ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے آنسوگیس کے شیل فلسطینی شہریوں کے گھروں کے اندر بھی پھینکے گئے جس کے نتیجے میں کئی بچے اور خواتین دم گھٹنے سے متاثرہوئی ہیں۔