سعودی عرب کے حکام کا کہنا ہے کہ حرم مکی شریف میں جمعہ کے روز کرین کے ایک المناک حادثے کے نتیجے میں کم سے کم 107 افراد جاں بحق اور 184 زخمی ہوگئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سعودی شہری دفاع کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ "ٹیوٹر” پرجاری ایک مختصر بیان میں اس افسوسناک خبر کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ یہ حادثہ خراب موسم اور تیز آندھی کے باعث اس وقت پیش آیا جب ہوا میں معلق کرین ٹوٹ کر حرم کے زیرتعمیر حصے میں آگری۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 107 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ 184 کے لگ بھگ لوگ زخمی بتائے جاتے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طورپر اسپتالوں میں منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ پر سعودی ہلال احمر، ریسکیو اور محکمہ صحت کی 15 ٹیمیں سرگرم ہیں۔
دوسری جانب مکہ معظمہ کے گورنر شہزادہ خالد بن الفیصل نے کرین حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک فوری طور پرایک کمیٹی تشکیل کرتے ہوئےجلد از جلد رپورٹ طلب کی ہے۔
