مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ "اونروا” کی جانب سے پناہ گزین کیمپوں میں قائم اسکولوں میں تعلیمی سروسز میں کمی کا اعلان بلا جواز ہے۔ فنڈز کی قلت محض ایک ڈرامہ ہے۔ دراصل اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کررہی ہے۔
ترجمان نے اقوام متحدہ کے ادارے”اونروا” کے کمشنر جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں کوتاہی نہ برتیں اور پناہ گزینوں کے لیے سروسز میں کمی کا اعلان واپس لیں۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے سرگرم ادارے”اونروا” کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کے پاس فنڈز کی شدید قلت ہے جس کے باعث وہ پناہ گزین کیمپوں میں تعلیمی سرگرمیاں جاری نہیں رکھ سکتا۔ اونروا کا کہنا ہے کہ اگلے ایک سال کے لیے اسے 101 ملین ڈالرکی مالی مدد درکار ہے ورنہ اس کے زیرانتظام چلنے والے اسکول بند ہو جائیں گے۔