قابض صہیونی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں سلوان اور جبل المکبر کے مقامات پر فلسطینی شہریوں کے تین زیرتعمیر مکانات بلڈوز کردیے۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ قابض فوجیوں نے بغیر کسی پیشگی نوٹس یا اطلاع کے منگل کو بلڈوزروں کی مدد سے دو سگے فلسطینی بھائیوں محمد اور خالد سعید علی العباسی کے زیرتعمیر مکانات کومسمار کردیا۔
پی آئی سی کے نامہ نگار کے مطابق صہیونی پولیس اور فوج کی سخت سیکیورٹی میں بیت المقدس میں اسرائیلی بلدیہ کے اہلکاروں نے فلسطینی شہریوں کے زیرتعمیر مکانات غیرقانونی قرار دے کر مسمار کردیے۔ ان میں ایک مکان جبل المکبر اور ایک سلوان قصبے میں تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فورسز نے مکانات مسماری کی کارروائی سے قبل مقامی فلسطینی شہریوں کو مکانات کے قریب آنے سے روک دیا۔ مکانات کی طرف آنے والے تمام راستوں کی ناکہ بندی کی گئی تھی۔
صہیونی حکام سے جب اس غیرقانونی کارروائی کے بارے میں پوچھا گیا توانہوں نے کہا کہ یہ دونوں مکانات اسرائیلی بلدیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کیے جا رہے تھے اس لیے انہیں مسمار کر دیا گیا ہے۔
