ممتاز عالم دین اور جامعہ عروۃ الوثقٰی کے سربراہ کا لاہور میں مال روڈ پر یوم القدس کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسرائیل کے ناپاک وجود کی بدولت آج اُمت مسلمہ مسائل کا شکار ہے اور یہود و نصاریٰ مل کر اُمت مسلمہ کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کو بچانے کے لئے مسلم ممالک میں بدامنی کو فروغ دے رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان، مصر، عراق، شام، اردن، کویت، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں بدامنی اپنے عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی دہشت گردی کا ذمہ دار اسرائیل ہے، جو بھارت کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، بھارت میں اسرائیل کے ٹریننگ کیمپ موجود ہیں، جہاں اسرائیلی انسٹرکٹر دہشت گردوں کو ٹریننگ دینے کے بعد پاکستان بھجوا دیتے ہیں اور ہمارے حکمران ہیں کہ مودی کی منتیں کر رہے ہیں کہ بلوچستان میں دہشت گردی بند کرے، ہمارے حکمران بزدلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور بھارت مزید دہشت گردی کو ہوا دے دیتا ہے۔
