مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں پچھلے سال گرمائی کیمپوں میں حصہ لینے والے طلباء کی تعطیلات میں منعقد ہونے والے کیمپوں میں سرگرمیوں کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر القسام کے ایک ترجمان کی جانب سے لائوڈ اسپیکر پرگرمائی کیمپوں میں حصہ لینے میں دلچسپی رکھنے والے طلباء کی رجسٹریشن کے لیے اعلانات بھی کیے جاتے رہے اور طلباء سے اپیل بھی کی گئی۔
اس موقع پر القسام بریگیڈ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ باقاعدہ رجسٹریشن کا عمل آج ہفتے سے غزہ کی مختلف مساجد اور القسام بریگیڈ کے ٹریننگ سینٹرز میں کیا جائے گا۔
اس موقع پر دکھائی گئی نمائش میں طلباء کو عسکری لباس زیب تن کیے دکھایا گیا ہے جن پر القسام بریگیڈ کے سلوگن نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔ طلباء ان "مجاھد کیمپوں” میں لاٹھی کے استعمال اور ہلکے ہتھیاروں کی تربیت بھی حاصل کرتے ہیں۔
القسام بریگیڈ کی جانب سے بتایا گیاہے کہ موسم گرما کے "آزادی کے ہراول دستے” کے عنوان سے یہ کیمپ چار مراحل میں منعقد کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 15 سے 17 سال کی عمر کے بچوں کے کیمپ لگائے جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں 18 تا 25 سال اور تیسرے مرحلے میں 25 سال سے زاید عمرکے افراد کے کیمپ لگیں گے۔ ان کیمپوں کا آغاز 25 جولائی سے ہوگا۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے زیرانتظام یہ مسلسل تیسری سالانہ سرگرمی ہے جس میں فلسطینی طلباء بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہے ہیں۔ پچھلے سال ان کیمپوں میں 17 ہزار فلسطینی طلباء نے حصہ لیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
